ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے واضح کیا ہے کہ ترکیہ ایران کے خلاف کسی بھی بیرونی فوجی مداخلت کو خطے کے لیے خطرناک سمجھتا ہے۔
ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے استنبول میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کا سخت مخالف ہے اور چاہتا ہے کہ ایران کے اندرونی مسائل بیرونی مداخلت کے بغیر، پرامن طریقے سے حل ہوں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل امریکا کو ایران پر حملے کے لیے اکسانے کی کوشش کر رہا ہے، جس سے خطے میں عدم استحکام مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔ حاقان فیدان کا کہنا تھا کہ امید ہے امریکی انتظامیہ دانشمندی سے فیصلے کرے گی اور ایسی کسی اجازت سے گریز کرے گی، جبکہ اسرائیل کو خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے والی پالیسیوں کو ختم کرنا چاہیے۔
اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ترک قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران مذاکرات کے لیے تیار ہے، بشرطیکہ بات چیت باہمی احترام، انصاف اور اعتماد پر مبنی ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کا جوہری پروگرام پرامن ہے، تاہم اگر ایران پر حملہ کیا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ عباس عراقچی نے امید ظاہر کی کہ امریکا حقیقت پسندی اور عقل مندی کا مظاہرہ کرے گا اور براہ راست جنگ سے گریز کرے گا۔
0 تبصرے