یونیورسل رائس مل میں کام کے دوران سجاد زہرا نی حادثے میں جاں بحق ہو گیا، مزدوروں اور ورثاء میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔
ملیر (رپورٹ: عبدالرشید مورجھریو) پورٹ قاسم انڈسٹریل ایریا میں واقع یونیورسل رائس مل میں کام کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں نوجوان مزدور سجاد زہرا نی جان کی بازی ہار گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ اور بے چینی پھیل گئی، جس کے نتیجے میں مزدوروں نے چاول کے گودام کے سامنے اپنے جاں بحق ساتھی کی لاش رکھ کر شدید احتجاج کیا۔
احتجاج کرنے والے مزدوروں کا کہنا تھا کہ گودام انتظامیہ کی غفلت، حفاظتی انتظامات کی کمی اور ناقص بندوبست کے باعث یہ قیمتی جان ضائع ہوئی ہے۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ چاول کے گودام میں مزدوروں سے غیر محفوظ حالات میں کام لیا جاتا ہے، جبکہ انہیں حفاظتی سامان بھی فراہم نہیں کیا جاتا۔
دوسری جانب جاں بحق مزدور سجاد زہرا نی کے گھر پر مزدور یونین کے صدر نوید سولنگی اور مل مالکان ڈاکٹر کشن اور کنول کمار پہنچے، انہوں نے تعزیت کا اظہار کیا اور یقین دہانی کرائی کہ جاں بحق مزدور کے خون کا ازالہ کیا جائے گا اور ورثاء کے تمام جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں گے۔
ادھر پپری کے علاقے میں واقع وفاقی ٹی سی پی گودام کے مزدوروں نے بھی اجرتوں کی عدم ادائیگی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مزدوروں نے اپنے مطالبات کے حق میں گودام کا مرکزی گیٹ بند کر کے دھرنا دے دیا، جس کے باعث گودام میں آمد و رفت اور روزمرہ کی سرگرمیاں معطل ہو گئیں۔
مزدور رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کئی ہفتوں سے اجرتیں ادا نہیں کی جا رہیں، جس کے باعث مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ تمام مزدوروں کو بروقت اجرتوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔
احتجاج کے باعث علاقے میں کشیدہ صورتحال برقرار ہے، جبکہ انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لے کر مسائل کے حل کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
0 تبصرے