کرک (ویب ڈیسک) خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں فیڈرل کانسٹیبلری کے قلعے پر کواڈ کاپٹر حملے میں 5 اہلکار زخمی ہوگئے، جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے والی ایمبولینس پر بھی فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 3 زخمی اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈی پی او کرک کے مطابق درگہ شہیدان کے علاقے میں ایف سی کے قلعے پر کواڈ کاپٹر کے ذریعے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے 5 اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بعد ازاں زخمی اہلکاروں کو لے جانے والی ایمبولینس پر بھی مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ریسکیو کے 2 اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق بہادر خیل کے مقام پر ایمبولینس پر فائرنگ کی گئی، جس سے ایمبولینس میں موجود 3 زخمی فیڈرل کانسٹیبلری اہلکار شہید ہوگئے۔
فائرنگ میں زخمی ہونے والے دیگر افراد کو بھی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
0 تبصرے