تنگوانی پولیس تھانے کی حدود میں غوثپور-تنگوانی لنک روڈ پر پیر جان باجکانی اسٹاپ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے آنے جانے والی مسافر گاڑیوں کو اسلحہ کے زور پر روک کر لوٹ لیا، جس کے خلاف متاثرین نے پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔
تفصیلات کے مطابق سکھر جانے والی مسافر وین، مزدا اور ٹرکوں کو مسلح ملزمان نے روک کر لاکھوں روپے نقدی اور قیمتی سامان لوٹ لیا۔ متاثرین عبدالرحمان چاچڑ، زاہد بھلکانی، عبدالباقی اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں بدامنی کی وجہ سے گھروں سے نکلنا مشکل ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند روز کے امن کے بعد ایک بار پھر ڈاکوؤں نے سڑکوں پر دھاوا بول دیا ہے اور کانوائے بنا کر لوٹ مار کر رہے ہیں۔ سکھر جانے والے مسافروں سے نقد رقم، موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء چھین لی گئیں۔
متاثرین کا کہنا تھا کہ پولیس کو اطلاع دینے کے باوجود مسلح افراد کئی گھنٹوں تک سڑک پر کھڑے ہو کر درجنوں گاڑیوں سے لوٹ مار کرتے رہے۔
احتجاج کرنے والوں نے مطالبہ کیا کہ ملوث ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، لوٹا گیا سامان واپس دلایا جائے اور متاثرین کو انصاف فراہم کیا جائے۔
0 تبصرے