مورو (جانی جمانی ) – تحریک بیداری امت، مصطفی علمدار اسکاؤٹ، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان یونٹ مورو اور اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان یونٹ مورو کی جانب سے یوم یکجہتی انقلاب اسلامی ایران کے عنوان سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت غلام مصطفی چنا، تصور علی لغاری، سید غلام مرتضیٰ شاہ، شہزاد علی سرہیو، بابر علی عمراں، شہباز علی جوکيو، جاوید علی سرہیو اور دیگر کر رہے تھے۔
ریلی مرکزی امام بارگاہ حسینی سے نکالی گئی جو مختلف مقامات سے ہوتی ہوئی مورو پریس کلب پہنچی، جہاں جلسہ منعقد کیا گیا۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے 47 سال قبل ایران میں امام خمینی نے شاہنشاہ کی حکومت کا تختہ الٹ کر انقلاب لایا اور اپنی حکومت قائم کی، جس سے ایران ایک اسلامی ملک کے طور پر دنیا میں مثالی انقلابی ملک بن گیا، اور یہ تسلسل آج تک جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں امام بارگاہ پر ہونے والے بم حملے کی مذمت کرتے ہیں اور اس بم دھماکے میں ملوث افراد کو جلد قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت ترین سزا دی جائے تاکہ شیعہ مؤمنین کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ہم شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
مقررین نے مزید کہا کہ اسلام اور دین کی حفاظت کے لیے کربلا کے میدان میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں کو شہید کیا گیا، اور آج بھی خودکش بم حملوں کے ذریعے امام حسین کے پیروکاروں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ یہ جذبہ کبھی کم نہیں ہوگا اور قیامت تک جاری رہے گا۔
0 تبصرے