ویٹیکن سٹی (ویب ڈیسک)
عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے خبردار کیا ہے کہ مرد حضرات اے آئی چیٹ بوٹ گرل فرینڈز کے ساتھ جذباتی تعلق قائم نہ کریں، ورنہ وہ ذہنی اور جذباتی مشکلات کا شکار ہو سکتے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پوپ نے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں یہ پہچاننا دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے کہ ہم کسی انسان سے بات کر رہے ہیں یا کسی بوٹ سے۔
پوپ نے عالمی یومِ سماجی ابلاغ کے موقع پر کیتھولک برادری کے لیے ایک خصوصی اپیل جاری کی، جس میں انہوں نے انسانی آوازوں اور چہروں کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔
پوپ کے مطابق اگر لوگوں کی توجہ مصنوعی ذہانت کی جانب زیادہ ہو جائے اور وہ دوسرے انسانوں کے ساتھ وقت گزارنا چھوڑ دیں تو حقیقی رشتے اور دوستی ختم ہونے لگتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی چہرے اور آوازیں مقدس ہوتی ہیں، جبکہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی انسانی تہذیب کے بنیادی ستونوں کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے۔
پوپ نے یہ بھی خبردار کیا کہ اے آئی چیٹ بوٹس بظاہر دلکش اور لطف دینے والے ہوتے ہیں، مگر حقیقت میں یہ گمراہ کن ثابت ہو سکتے ہیں۔
0 تبصرے