کے پی کے انتخابات ، ڈیموکریٹس پینل کی کامیابی صحافیوں کے اعتماد کا مظہر، ڈاکٹر شام سندر

کے پی کے انتخابات ، ڈیموکریٹس پینل کی کامیابی  صحافیوں کے اعتماد کا مظہر، ڈاکٹر شام سندر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شام سندر کے ایڈوانی نے کراچی پریس کلب کے انتخابات برائے 2026 میں ڈیموکریٹس پینل کی مسلسل 18 ویں بار کامیابی پر مسرت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے نو منتخب صدر فاضل جمیلی، جنرل سیکرٹری اسلم خان دیگر عہدیداران اور نومنتخب ممبران گورننگ باڈی کو کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ڈاکٹر شام سندر کے ایڈوانی نے اپنے تہنیتی پیغام میں اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب قیادت صحافت کے اعلیٰ اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے صحافی برادری کے حقوق کے تحفظ، مسائل کے حل اور آزادی صحافت کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پریس کلب ملک کا ایک اہم اور تاریخی ادارہ ہے جس نے ہر دور میں جمہوری اقدار اور آزادیٔ اظہار کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں اور آئندہ بھی صحافتی تنظیموں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک مضبوط، آزاد اور ذمہ دار صحافت ہی جمہوریت کے استحکام کی ضامن ہے۔ڈاکٹر شام سندر کے ایڈوانی نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ نومنتخب باڈی صحافیوں کو درپیش معاشی، پیشہ ورانہ اور سیکیورٹی مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمت عملی اختیار کرے گی اور کراچی پریس کلب کو مزید فعال اور مضبوط ادارہ بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔