قاضی انور ایڈووکیٹ کی علیمہ خان سے معذرت، متنازع بیان پر رجوع اور وضاحت

سینئر قانون دان قاضی انور ایڈووکیٹ نے سابقہ بیانات پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے علیمہ خان سے باضابطہ معافی مانگ لی۔

قاضی انور ایڈووکیٹ کی علیمہ خان سے معذرت، متنازع بیان پر رجوع اور وضاحت

سینئر قانون دان قاضی انور ایڈووکیٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی کی بہن علیمہ خان سے اپنے سابقہ بیانات پر معذرت کر لی ہے۔ قاضی انور ایڈووکیٹ نے وائس میسج کے ذریعے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غلط معلومات کی بنیاد پر علیمہ خان کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال کیے، جس پر وہ شرمندہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علیمہ خان ان کے نزدیک قابلِ احترام ہیں اور بانی پی ٹی آئی ان کے رہنما ہیں، اس لیے ان کے اہلِ خانہ کے بارے میں کسی بھی قسم کی بے ادبی نہیں ہونی چاہیے۔ قاضی انور نے واضح کیا کہ ان کے بیان کا مقصد کسی کی توہین کرنا نہیں تھا۔ واضح رہے کہ قاضی انور ایڈووکیٹ نے حال ہی میں انصاف لائر فورم کے صوبائی صدر اور پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا۔ استعفے کے بعد ایک ٹاک شو میں علیمہ خان سے متعلق ان کے بیانات سامنے آئے تھے، جن پر سیاسی اور قانونی حلقوں میں خاصی بحث ہوئی۔ بعد ازاں قاضی انور ایڈووکیٹ نے اپنے مؤقف پر نظرِثانی کرتے ہوئے وضاحت اور معذرت کو ضروری قرار دیا، جس کے بعد معاملہ ایک نئے موڑ میں داخل ہو گیا ہے۔