وزیرِ اعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ وفاقی حکومت نیب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں کر رہی اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے آزادانہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
وفاقی حکومت نے ایک بار پھر نیب کے حوالے سے اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے سیاسی انتقام کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ انسدادِ بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر وزیرِ اعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نیب کے ذریعے سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتی بلکہ مالی بدعنوانی کے خاتمے کو اپنی ترجیح سمجھتی ہے۔
وزیرِ اعظم نے نیب کی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب اور ان کی پوری ٹیم کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، جنہوں نے شفاف انداز میں کرپشن کے خلاف اقدامات کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیب کو شفافیت کے ساتھ کام جاری رکھنے کے لیے مکمل ادارہ جاتی آزادی حاصل ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مالی بدعنوانی کے خاتمے کے لیے حکومتی اقدامات کو مزید منظم اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک پُرامن، خوش حال اور ترقی یافتہ مستقبل انہی نوجوانوں کی بدولت ممکن ہے۔
تقریب سے خطاب میں وزیرِ اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ بدعنوانی سے پاک معاشرہ ہی ملکی ترقی، اقتصادی خوش حالی اور عوامی اعتماد کی بنیاد ہوتا ہے، اسی لیے حکومت اپنے تمام منصوبوں میں مالی، انتظامی اور ادارہ جاتی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
0 تبصرے