سانحہ گل پلازا: سندھ حکومت کا جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گل پلازا آتشزدگی میں جاں بحق افراد کے ورثاء کو فی کس ایک کروڑ روپے امداد دینے کا اعلان کر دیا۔

سانحہ گل پلازا: سندھ حکومت کا جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے دینے کا اعلان

سندھ حکومت نے کراچی میں پیش آنے والے سانحہ گل پلازا میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے امدادی رقم دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گل پلازا میں آتشزدگی سے متعلق خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو امدادی رقم کی فراہمی کل سے شروع کر دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گل پلازا میں لگنے والی آگ ایک بڑا اور افسوسناک واقعہ ہے، جس پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ اور ریسکیو کا عملہ تین مختلف مقامات سے عمارت کے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کے مطابق ریسکیو کارروائیاں انتہائی مشکل حالات میں کی جا رہی ہیں۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ سانحہ گل پلازا میں جاں بحق افراد کی تعداد 15 ہو چکی ہے، جبکہ 65 سے زائد افراد لاپتہ ہیں اور مجموعی طور پر لاپتہ افراد کی تعداد 73 بتائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ لاپتہ افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے کمشنر کراچی کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جا رہی ہے، جبکہ فرانزک شواہد کے لیے لاہور فرانزک لیب سے بھی مدد لی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ انکوائری کے بعد جس کی بھی غفلت ثابت ہوئی، اس کے خلاف سخت کارروائی اور سزائیں دی جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سال 2024 کے دوران سندھ بھر میں 145 عمارتوں کا فائر آڈٹ کیا گیا تھا، تاہم اس سانحے کے بعد فائر سیفٹی اقدامات پر مزید سختی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ کراچی کے گل پلازا میں لگنے والی آگ 33 گھنٹے بعد مکمل طور پر بجھائی جا سکی، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے جلی ہوئی عمارت سے مزید 5 لاشیں نکالیں۔ اس سانحے میں 22 افراد زخمی ہوئے جو مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔ چیف فائر افسر کے مطابق پلازا میں کولنگ کا عمل جاری ہے، کھڑکیوں کو کٹر کی مدد سے کاٹا جا رہا ہے جبکہ ہتھوڑوں کے ذریعے دیواریں توڑ کر اندر رسائی حاصل کی جا رہی ہے۔ تیسرے فلور پر ممکنہ طور پر کسی شخص کی موجودگی کے خدشے کے باعث اتوار کی شب فائر فائٹرز عمارت کے اندر داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔