امریکہ کی جانب سے امیگرینٹ ویزا کی پروسیسنگ روکنے کے معاملے پر پاکستان کا ردعمل

امریکہ کی جانب سے امیگرینٹ ویزا کی پروسیسنگ روکنے کے معاملے پر پاکستان کا ردعمل

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان امریکی امیگرینٹ ویزا کی پروسیسنگ کے سلسلے میں امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور امید ہے کہ امیگرینٹ ویزا کی معمول کی آن لائن پروسیسنگ جلد بحال ہو جائے گی۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان ایران کی موجودہ صورتحال پر گہری نظر رکھتا ہے۔ پاکستان صورتحال کے پرامن حل کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور امید رکھتا ہے کہ ایران میں امن و استحکام قائم رہے گا۔ ترجمان نے کہا کہ ایران پاکستان کا پڑوسی اور عالمی برادری کا اہم رکن ہے، اس لیے پاکستان چاہتا ہے کہ ایران ایک دوست اور بھائی ملک کی حیثیت سے پرامن اور خوشحال رہے۔ پاکستان اور ایران کی عوام کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات ہیں، اور پرامن و مستحکم ایران پاکستان کے مفاد میں ہے۔ طاہر اندرابی نے کہا کہ ایران میں حالیہ احتجاج عام شہریوں کو درپیش معاشی مشکلات کے سبب سامنے آئے ہیں، لیکن امید ہے کہ ایرانی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ معاشی امدادی اقدامات عوام کی مشکلات میں کمی لائیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ ایران ایک مضبوط اور حوصلہ مند قوم ہے جس نے ماضی میں کئی چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے، اس لیے پاکستان کو ایرانی عوام اور قیادت کی سمجھ بوجھ پر مکمل اعتماد ہے اور یقین ہے کہ ایرانی قوم ان چیلنجز پر قابو پا کر مزید مضبوط ہو کر ابھری گی۔ امیگرینٹ ویزا کی معطلی کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ پاکستان امریکی امیگرینٹ ویزا کی پروسیسنگ کے سلسلے میں امریکی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور امید ہے کہ معمول کی آن لائن پروسیسنگ جلد بحال ہو جائے گی۔ اس کے علاوہ ترجمان نے بھارتی آرمی چیف کے الزامات کی سختی سے تردید کی اور کہا کہ بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے الزامات سیاسی مقاصد کے لیے گھڑے گئے ہیں۔