امریکا کا اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کا حکم

امریکا کا اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کا حکم

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکا نے اپنے شہریوں کو فوری طور پر ایران چھوڑنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری وارننگ میں کہا گیا ہے کہ ایران میں احتجاج کے باعث گرفتاریاں، زخمی ہونے کے واقعات، سخت سیکیورٹی اقدامات، سڑکوں کی بندش، ٹرانسپورٹ کی معطلی اور انٹرنیٹ بندش جیسی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، جو امریکی شہریوں کی سلامتی کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔ سفارتخانے نے امریکی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ اگر ممکن ہو تو وہ زمینی راستوں کے ذریعے آرمینیا یا ترکی کے راستے ایران چھوڑ دیں، اس کے ساتھ یہ بھی کہا گیا ہے کہ انٹرنیٹ بندش کے پیشِ نظر رابطے کے لیے متبادل انتظامات کیے جائیں۔ دوہری شہریت رکھنے والے امریکی-ایرانی شہریوں کو بھی خبردار کیا گیا ہے کہ ایران دوہری شہریت کو تسلیم نہیں کرتا، لہٰذا ایسے شہریوں کو اپنا ایرانی پاسپورٹ استعمال کرتے ہوئے ہی ایران چھوڑنا ہوگا۔ سفارتخانے نے مزید کہا ہے کہ جو افراد ابھی تک ایران میں موجود ہیں وہ احتجاج سے دور رہیں، عوامی اجتماعات میں شرکت نہ کریں اور محفوظ مقامات پر قیام کریں۔