کراچی کے علاقے مائی کلاچی میں مین ہول سے مرد، دو خواتین اور ایک بچے کی 10 سے 15 روز پرانی لاشیں ملنے پر سنسنی پھیل گئی۔
کراچی کے علاقے مائی کلاچی کے قریب ایک مین ہول سے چار افراد کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق ملنے والی لاشوں میں ایک مرد، دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہے، جو بظاہر 10 سے 15 روز پرانی معلوم ہوتی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ریسکیو ٹیموں کو علاقہ مکینوں نے مین ہول میں لاش موجود ہونے کی اطلاع دی تھی۔ جب ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور مین ہول سے ایک لاش نکالی گئی تو اندر رکھے گئے پتھر اور اینٹیں ہٹانے پر مزید تین لاشیں بھی برآمد ہوئیں، جس سے شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لاشوں کو جان بوجھ کر چھپایا گیا تھا۔
تمام لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد موت کی وجوہات کا تعین کیا جائے گا۔ پولیس اور ریسکیو حکام نے تاحال لاشوں پر تشدد کے واضح نشانات کی تصدیق نہیں کی، تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
تحقیقات کے سلسلے میں پولیس نے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوشش شروع کر دی ہے تاکہ واقعے کی اصل وجوہات اور ذمہ داروں کا سراغ لگایا جا سکے۔
0 تبصرے