نیوزی لینڈ میں سال 2026 کا شاندار آغاز، آکلینڈ اسکائی ٹاور پر شاندار آتش بازی

دنیا میں سب سے پہلے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ نے سال 2026 کا استقبال کیا، جہاں اسکائی ٹاور پر دیدہ زیب آتش بازی نے آسمان روشن کر دیا۔

نیوزی لینڈ میں سال 2026 کا شاندار آغاز، آکلینڈ اسکائی ٹاور پر شاندار آتش بازی

دنیا میں سب سے پہلے نیوزی لینڈ میں سال 2026 کا آغاز ہو گیا، جہاں امن، استحکام اور خوشحالی کی امیدوں کے ساتھ نئے سال کا سورج طلوع ہوا۔ شہر آکلینڈ میں واقع مشہور اسکائی ٹاور پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس سے پورا آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا اور شہریوں نے نئے سال کا پرتپاک استقبال کیا۔ ادھر آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بھی نئے سال کی تقریبات جوش و خروش سے منائی گئیں۔ سڈنی اوپرا ہاؤس پر شاندار آتش بازی سے قبل بونڈائی حملے کے متاثرین کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جس کے بعد جشن کا آغاز ہوا۔ دوسری جانب دبئی میں دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ پر آتش بازی کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں، جہاں سال نو کے موقع پر ایک شاندار مظاہرہ متوقع ہے۔ اسی طرح نیویارک، لندن اور پیرس میں بھی نئے سال کی تقریبات کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔ چین کے دارالحکومت بیجنگ میں نیو ایئر ٹی پارٹی کے موقع پر روایتی اوپیرا پیش کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ سال 2026 میں مزید فعال میکرو پالیسیوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔ دنیا بھر میں نئے سال کا استقبال مختلف رنگوں، ثقافتوں اور روایات کے ساتھ کیا جا رہا ہے، جہاں لوگ ایک بہتر اور پُرامن مستقبل کی امید کے ساتھ 2026 میں داخل ہو گئے ہیں۔