پاک–بھارت کشیدگی کے باوجود ڈھاکا میں جے شنکر کی ایاز صادق سے ملاقات، مصافحہ بھی کیا

پاک–بھارت کشیدگی کے باوجود ڈھاکا میں جے شنکر کی ایاز صادق سے ملاقات، مصافحہ بھی کیا

ڈھاکا (ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے باوجود بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق سے ملاقات کی اور ان سے مصافحہ بھی کیا، جسے سیاسی حلقوں میں ایک حیران کن پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے درمیان یہ ملاقات ڈھاکا میں ہوئی، جہاں دونوں رہنما بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے موجود تھے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کے پاس گئے اور دونوں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ سردار ایاز صادق اور جے شنکر کے درمیان ہونے والی یہ ملاقات رواں سال مئی میں دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی جنگ کے بعد پہلی اعلیٰ سطحی ملاقات ہے۔ یاد رہے کہ مئی میں ہونے والی پاک–بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں شدید کشیدگی موجود ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان ہر قسم کے سیاسی اور سفارتی روابط بھی معطل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مئی کی جنگ کے بعد بھارت نے اپنی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو پاکستانی کرکٹرز سے مصافحہ کرنے سے بھی روک دیا تھا، جبکہ دیگر کھیلوں میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی مصافحہ کرتے رہے۔ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے گزشتہ سال پاکستان میں منعقد ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کی تھی، جس دوران ان کی پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات بھی ہوئی تھی۔