وزیرِاعظم نے 27ویں ترمیم پر پیپلز پارٹی سے حمایت طلب کی: شازیہ مری

شازیہ مری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو سے ملاقات میں 27ویں آئینی ترمیم کے لیے پیپلز پارٹی کی حمایت مانگی ہے۔

وزیرِاعظم نے 27ویں ترمیم پر پیپلز پارٹی سے حمایت طلب کی: شازیہ مری

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے گفتگو کے دوران بتایا کہ 27ویں آئینی ترمیم سے متعلق گزشتہ مدّت سے قیاس آرائیاں جاری تھیں، تاہم اب حکومت نے باضابطہ طور پر پیپلز پارٹی سے رابطہ کیا ہے اور اس میں حمایت کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ترمیم پر فیصلہ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) میں کیا جائے گا، کیونکہ پارٹی کسی بھی قومی معاملے کو اپنے اصولی مؤقف کی روشنی میں دیکھتی ہے۔ شازیہ مری کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم صوبوں کے اختیارات کی ضمانت ہے، اس سے پیچھے ہٹنا نہ مناسب ہے اور نہ ہی ممکن۔ پیپلز پارٹی صوبائی حقوق کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت کسی نکتے پر متفق ہے اور پیپلز پارٹی کو متفق کرنا چاہتی ہے، تو اس پر بات ہوسکتی ہے، مگر عوامی مفاد اولین ترجیح رہے گا۔ شازیہ مری نے کہا کہ جب ن لیگ کے نمائندوں کے ساتھ بیٹھیں گے تو ملکی مسائل، مہنگائی، بیروزگاری اور دہشت گردی جیسے اہم معاملات پر بات ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی پر بھی توجہ دینا ضروری ہے اور پی ایس ڈی پی کے فیصلے بند کمروں میں کرنا درست نہیں۔