اسلام آباد میں کار حادثے میں جاں بحق دو لڑکیوں کے لواحقین نے ملزم کو معاف کر دیا

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں گاڑی سے کچل کر جاں بحق ہونے والی دو لڑکیوں کے اہلِ خانہ نے ملزم کو معاف کر دیا، جس کے بعد عدالت نے مقدمہ ختم کر دیا۔

اسلام آباد میں کار حادثے میں جاں بحق دو لڑکیوں کے لواحقین نے ملزم کو معاف کر دیا

اسلام آباد میں گاڑی کی ٹکر سے دو لڑکیوں کی ہلاکت کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کے خاندانوں نے عدالت میں ملزم کو معاف کر دیا۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی کی عدالت میں متاثرہ خاندان نے اپنے بیانات ریکارڈ کروائے، جس کے بعد عدالت نے فریقین کے درمیان صلح ہونے پر مقدمہ ختم کرنے کا حکم جاری کیا۔ صلح نامے کے بعد عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ سماعت کے دوران ملزم کو 4 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔ بیان ریکارڈ کرانے کے لیے ایک لڑکی کا بھائی عدالت میں موجود تھا جبکہ اس کی والدہ کا بیان آن لائن لیا گیا۔ یاد رہے کہ کچھ روز قبل اسلام آباد کے سیکریٹریٹ چوک، شاہراہِ دستور پر ایک گاڑی نے اسکوٹی کو ٹکر ماری تھی، جس سے اسکوٹی پر سوار دو لڑکیاں—ثمرین اور تابندہ—موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی تھیں۔ واقعے کا مقدمہ ثمرین کے بھائی کی مدعیت میں تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کیا گیا تھا، اور پولیس نے حادثے کے فوراً بعد کار ڈرائیور کو گرفتار کر لیا تھا۔