بغیر نمبر پلیٹ اور بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف فوری اور مؤثر کریک ڈاؤن کا حکم
کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے صوبے میں بغیر نمبر پلیٹ اور بغیر لائسنس گاڑیاں چلانے والوں کے خلاف فوری اور مؤثر کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔
اس سلسلے میں سندھ پولیس کو 35 دنوں کے اندر دوسرا خط جاری کیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ مشاہدے کے دوران یہ دیکھا گیا ہے کہ بڑی تعداد میں ایسی گاڑیاں سڑکوں پر چل رہی ہیں جن کے پاس نمبر پلیٹ نہیں اور ڈرائیوروں کے پاس لائسنس موجود نہیں۔
آئی جی سندھ نے ہدایت کی ہے کہ موٹر وہیکل آرڈیننس کے تحت سخت کارروائی کی جائے اور ایسی تمام گاڑیوں اور ڈرائیوروں کی فوری نشاندہی کی جائے۔
پولیس افسران کو حکم دیا گیا ہے کہ روزانہ صبح دس بجے آئی جی آپریشن روم کو ای میل کے ذریعے رپورٹ ارسال کی جائے، جس میں ضبط شدہ گاڑیوں، درج مقدمات اور گرفتاریوں کی تفصیلات شامل ہوں۔
آئی جی نے ہدایت کی ہے کہ قانون پر عمل درآمد کے لیے بھرپور کریک ڈاؤن شروع کیا جائے۔ خط کراچی کے ایڈیشنل آئی جی سمیت صوبے کے تمام ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو بھیجا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، اس سے قبل پہلا خط 31 اکتوبر 2025 کو جاری کیا گیا تھا۔
0 تبصرے