کراچی کے علاقے نیپا چورنگی میں گٹر میں گر کر جاں بحق ہونے والے بچے کی لاش نکالنے والے لڑکے کو ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فاروق نے ہار پہنایا اور گلدستہ پیش کیا۔
کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال، نیپا چورنگی کے قریب تین سالہ بچے ابراہیم کی ہولناک موت کے بعد اس کی لاش نکالنے والے لڑکے کی بہادری کا اعتراف کیا گیا۔ ایس ایس پی ایسٹ ڈاکٹر فاروق نے لڑکے کو خصوصی طور پر بلا کر ہار پہنایا اور گلدستہ پیش کیا۔
واقعہ اتوار کی شب پیش آیا جب تین سالہ ابراہیم اپنے والدین کے ساتھ ایک ڈپارٹمنٹل اسٹور سے نکلنے کے بعد گٹر کے قریب کھڑا ہوا۔ مین ہول کا ڈھکن نہ ہونے کے باعث اسے عارضی طور پر گتے سے ڈھانپا گیا تھا، مگر گتہ بچے کا وزن برداشت نہ کر سکا اور وہ گہرے مین ہول میں جا گرا۔
بچے کی لاش 14 گھنٹے کی تلاش کے بعد ایک کلو میٹر دور نالے سے برآمد کی گئی۔ لاش اسی لڑکے کو ملی جسے آج پولیس نے بہادری پر اعزاز سے نوازا۔
گزشتہ روز شاہ فیصل کالونی میں ابراہیم کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس میں علاقہ مکینوں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ بچے کے دادا محمود الحسن نے نمازِ جنازہ پڑھائی۔
اس موقع پر بچے کے نانا نے میئر کراچی سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ووٹ لینے تو سب آ جاتے ہیں مگر ایسے وقت میں کوئی ساتھ نہیں دیتا۔
0 تبصرے