پنجاب میں “اپنی زمین، اپنا گھر” اسکیم کے تحت مفت رہائشی پلاٹس کی پہلی ڈیجیٹل قرعہ اندازی مکمل، ہزاروں مستحق خاندانوں کی تقدیر بدلنے لگی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے ہمراہ لاہور میں ”اپنی زمین، اپنا گھر“ اسکیم کا باضابطہ آغاز کردیا۔ تقریب کے دوران ڈیجیٹل قرعہ اندازی کا آغاز نواز شریف نے وزیر اعلیٰ کی درخواست پر بٹن دبا کر کیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے خوش نصیب افراد کو براہِ راست فون کر کے مبارک باد بھی دی جنہیں قرعہ اندازی کے ذریعے مفت رہائشی پلاٹس دیے گئے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت خالی نعروں کے بجائے اپنے وعدوں کو عملی شکل دے رہی ہے۔ اسکیم کے تحت پنجاب کے 19 اضلاع میں 2 ہزار مستحق شہریوں کو پلاٹس دیے جا چکے ہیں۔
نواز شریف نے خطاب میں کہا کہ پنجاب میں غریب عوام کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار گھروں کی تعمیر جاری ہے، مفت علاج کی سہولیات میں اضافہ ہو رہا ہے، نئے اسپتال بن رہے ہیں، اور ہر ضلع میں گرین بس سروس متعارف کرائی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق صوبے میں امن و امان کی صورتحال بھی نمایاں طور پر بہتر ہو چکی ہے۔
0 تبصرے