پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دے کر عالمی برادری سے فوری طور پر جارحیت روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان نے غزہ میں جاری اسرائیلی فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملے عالمی اصولوں اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق ان حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت معصوم فلسطینیوں کی شہادت کی رپورٹس انتہائی تکلیف دہ ہیں۔
ترجمان نے شرم الشیخ امن معاہدے کی خلاف ورزی پر بھی سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔ پاکستان نے عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کے خلاف مسلسل ظلم کسی طور قابلِ قبول نہیں۔
دفترِ خارجہ نے ایک بار پھر اس مؤقف کو دہرایا کہ پاکستان 1967ء کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد، خودمختار اور قابلِ عمل فلسطینی ریاست کے قیام کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
0 تبصرے