وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے 9 مئی حملے کی شفاف تحقیقات کے لیے کمیشن قائم کرنے اور صوبے میں سود سے پاک پالیسی سمیت اہم اصلاحات کا اعلان کیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں 9 مئی کو ریڈیو پاکستان پر ہونے والے حملے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیشن سی سی ٹی وی فوٹیجز سمیت تمام شواہد اکٹھے کر کے رپورٹ کابینہ میں پیش کرے گا۔
سہیل آفریدی نے اجلاس میں کہا کہ صوبے کو سود کے نظام سے پاک کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے اسلامک انویسٹمنٹ ماڈل سمیت جامع پالیسی تشکیل دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی کی متفقہ قرارداد کے مطابق بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک کی شکایات موجود ہیں، جبکہ انہیں اپنے لیڈر سے ملاقات کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔ وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر کے صوبائی پالیسی کے لیے رہنمائی لینا چاہتے ہیں، اور مطالبہ کیا کہ انہیں اور ان کی اہلیہ کو ذاتی معالج تک رسائی دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے تمام اقدامات منتخب نمائندوں کی مشاورت سے کیے جائیں گے جبکہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد ہوگا۔
0 تبصرے