ایک غلط موڑ نے فرانسیسی شہری کو ڈاکٹر کے بجائے 1,500 کلومیٹر دور کروشیا پہنچا دیا

فرانس کا 85 سالہ شہری معمولی ڈاکٹر چیک اَپ کے لیے نکلا مگر جی پی ایس کی غلط رہنمائی نے اُسے تقریباً 1,500 کلومیٹر دور کروشیا پہنچا دیا۔

ایک غلط موڑ نے فرانسیسی شہری کو ڈاکٹر کے بجائے 1,500 کلومیٹر دور کروشیا پہنچا دیا

گزشتہ ہفتے ایک 85 سالہ فرانسیسی شہری اپنے ڈاکٹر کے کلینک جانے کے لیے گھر سے نکلا لیکن ایک غلط موڑ لینے کے باعث وہ ایک ہزار میل (1,500 کلومیٹر) دور کروشیا جا پہنچا — ایک ایسا ملک جس کی سرحدیں فرانس سے بالکل نہیں ملتیں۔ یہ شخص مغربی فرانس کے گاؤں "چٹیلونسورتوہے" میں رہتا ہے، اور اسے صرف 12 میل دور کلینک جانا تھا۔ جب وہ طویل وقت تک واپس نہیں آیا تو اہل خانہ نے پولیس کو اطلاع دی اور فوج سے موبائل فون کی جیو لوکیشن ٹریس کرنے میں مدد مانگی۔ فرانسیسی فوج نے اس کی لوکیشن کروشیا کے ایک ہوٹل میں دریافت کی، جہاں وہ 20 گھنٹے مسلسل گاڑی چلانے کے بعد اٹلی سے گزرتا ہوا پہنچا تھا۔ حیرت انگیز طور پر، اس شخص کو نہ یادداشت کا مسئلہ ہے نہ سمت کا، مگر اس نے بتایا کہ وہ جی پی ایس کی ہدایات سے الجھ گیا اور اسی نے اسے غلط راستے پر ڈال دیا۔ جب اس سے پوچھا گیا کہ وہ وہاں کیسے پہنچ گیا، تو اس نے حیران ہو کر کہا: "مجھے خود سمجھ نہیں آرہا یہ کیسے ہوگیا، شاید جی پی ایس نے ہی دھوکا دیا۔"