سافکو کو عالمی سطح کی پذیرائی، ملائیشیا میں ’گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈ 2025‘ سے نوازا گیا

ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو نے ملائیشیا کے وزیر اعظم اور مالدیپ کے سابق صدر سے 'گیفا ایوارڈ' وصول کیا

سافکو کو عالمی سطح کی پذیرائی،  ملائیشیا میں ’گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈ 2025‘ سے نوازا گیا

حیدرآباد/ کوالا لمپور(پ ر) سافکو کو اس کی اسلامی اور شرعی مالیاتی خدمات کے اعتراف میں ملائیشیا میں عالمی ایوارڈ 'GIFA 2025' سے نوازا گیا ہے۔ کوالالمپور، ملائیشیا میں منعقدہ ایک پر وقار تقریب کے دوران سافکو مائیکرو فنانس کمپنی کو 2025 میں ابھرتے ہوئے بہترین مالیاتی ادارے کے طور پر تسلیم کرتے ہوءے اس کی اسلامی اور شرعی مالیاتی خدمات کے اعتراف میں گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈ - گیفا 2025' سے نوازا گیا۔ سافکو کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ ایوارڈ سافکو کے بانی اور سی ای او ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو کو ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم اور مالدیپ کے صدر محمد وحید حسین نے پیش کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو نے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ’’گلوبل اسلامک فنانس ایوارڈ 2025‘‘ حاصل کرنا ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ یہ ایوارڈ پاکستان میں پسماندہ طبقات کو جامع، اخلاقی اور شریعت کے مطابق مالیاتی حل فراہم کرنے کے لیے سافکو کے مضبوط عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ مالیاتی خدمات نہ صرف افراد کو بااختیار بناتی ہیں بلکہ سچائی، ایمانداری، مساوات اور پائیداری کی اقدار کو بھی برقرار رکھتی ہیں۔ اس طرح کے ایوارڈز ہمارے جدید مالیاتی ڈھانچے کو آگے بڑھانے کے لیے ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتے ہیں تاکہ ہم معاشروں کو خوشحال اور پائیدار بنانے میں زیادہ موثر کردار ادا کر سکیں۔ ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو نے کہا کہ یہ کامیابی اسلامی مالیاتی خدمات کے شعبے میں سافکو کے نمایاں کردار کو اجاگر کرتی ہے، جس نے پاکستان میں پہلے غیر بینکاری مالیاتی ادارے (این بی ایف سی) کے طور پر اسلامی مالیاتی خدمات متعارف کرائی ہیں جن سے شریعت کے مطابق مالیاتی شمولیت، اختراعات اور بہترین روایات کو فروغ دینے سے متعلق ہمارے مقصد کی تصدیق ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سافکو پاکستان بھر کے لوگوں کے روشن اور خوشحال مستقبل کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔ ہم یہ اعزاز سافکو کے ساتھیوں، اس کی مالیاتی خدمات سے فائدہ اٹھانے والوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے لیے ان کے اعتماد، عزم اور اس کامیابی کو ممکن بنانے میں تعاون کے نام کرتے ہیں۔ تقریب میں ملائیشیا کے سینئر حکام اور مختلف ممالک کے مالیاتی اداروں کے اہم عہدیداروں نے بھی شرکت کی۔