اسلام آباد/ ٹھٹھہ: سپریم کورٹ نے مکلی، ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے دو سزائے موت یافتہ ملزمان غلام ربانی سومرو اور وقف نبی سومرو کو باعزت بری کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ملزمان کے وکیل غلام سجاد گوپانگ نے سپریم کورٹ کے باہر وڈیو بیان میں کہا کہ یہ سندھ کی تاریخ کا سزائے موت کا سب سے بڑا کیس تھا، جسے ایک سو سے زائد وکلا نے لڑا، مگر کسی کو کامیابی نہ ملی، تمام وکیل تھک چکے تھے اور بعد ازاں کوئی وکیل یہ کیس لینے کو تیار نہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے کرم سے آج کامیابی ملی، سپریم کورٹ میں 40 منٹ تک میرے دلائل سنے گئے، بھرپور جدوجہد اور مؤثر دلائل کے بعد عدالت نے میری گزارش کو تسلیم کیا اور دونوں ملزمان کو باعزت بری کر دیا۔ وکیل نے مزید بتایا کہ اس کیس میں ٹرائل کورٹ اور انسداد دہشتگردی عدالت نے دونوں کو سزائے موت سنائی تھی، جسے سندھ ہائیکورٹ نے بھی برقرار رکھا تھا، بعد ازاں یہ سزا سپریم کورٹ میں چیلنج کی گئی۔ وکیل سجاد گوپانگ کا کہنا تھا کہ یہ ایک انتہائی خطرناک اور پیچیدہ کیس تھا کیونکہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا تھا اور ان پر مکلی، ٹھٹھہ میں سنگین نوعیت کا مقدمہ درج تھا۔
0 تبصرے