16جولائی 1983 کو ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والی بالی ووڈ حسینہ کترینہ کیف کے والدین برطانوی شہری تھے
ممبئی:بالی ووڈ اداکارہ اور باربی ڈول کے نام سے مشہور کترینہ کیف آج اپنی 42ویں سالگرہ منا رہی ہیں۔ 16 جولائی 1983 کو ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والی بالی ووڈ حسینہ کترینہ کیف کے والدین برطانوی شہری تھے، جبکہ انہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ چین، جاپان، فرانس، سوئٹزرلینڈ اور دیگر ممالک میں گزارا۔ اس کے بعد شوبز انڈسٹری میں قسمت آزمانے کے لیے مستقل طور پر بھارتی شہر ممبئی منتقل ہوگئیں۔
کترینہ کیف کو گھر میں پیار سے "کیٹ" کے نام سے پکارا جاتا ہے، انہوں نے کم عمری میں ہی ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھا اور جلد ہی ان کا شمار صفِ اول کی ماڈلز میں ہونے لگا۔
انہوں نے 14 برس کی عمر میں ماڈلنگ سے فنی سفر کا آغاز کیا، جبکہ 2003 میں فلم "بوم" کے ذریعے بالی ووڈ میں انٹری دی، تاہم یہ فلم باکس آفس پر کوئی خاص کامیابی حاصل نہ کر سکی۔
کترینہ کیف نے 2007 کے بعد ایک سے بڑھ کر ایک سپر ہٹ فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، جن میں نمستے لندن، اپنی، پارٹنر، ویلکم، ریس اور سنگ از کنگ شامل ہیں۔
ان کی مشہور فلموں میں راجنیتی، عجیب پریم کی غضب کہانی، دی دھنا دن، تیس مار خان، زندگی نہ ملے گی دوبارہ، میری برادر کی دلہن، ایک تھا ٹائیگر، جب تک ہے جان اور دھوم تھری شامل ہیں۔
کترینہ کیف کے سلمان خان اور رنبیر کپور سے رومانوی تعلقات بھی رہے، جبکہ انہوں نے سال 2021 میں بالی ووڈ اداکار وکی کوشل سے شادی کی۔
0 تبصرے