پائیدار توانائی کے مستقبل کیلئے ملک خدا بخش کی کاوشیں اہم ہیں،سید مراد علی شاہ

سُپر فاسٹ ایوارڈ ملنے پر خوشی ہے، 3000 چارجنگ اسٹیشنز لگائے جائیں گے،ملک خدا بخش

پائیدار توانائی کے مستقبل کیلئے ملک خدا بخش کی کاوشیں اہم ہیں،سید مراد علی شاہ

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ، سید مراد علی شاہ نے چیئرمین/سی ای او ملک گروپ آف کمپنیز ملک خدابخش اور چائنا کی سرمایہ کار کمپنی اے ڈی ایمگروپ کے سی ای او یاسر بھنبھانی کو پاکستان کے پہلے سُپر فاسٹ ای وی فلیش چارجنگ نیٹ ورک کی تنصیب میں کامیابی پر ایوارڈز دیا۔یہ تقریب مقامی ہوٹل میں سندھ انرجی ڈائیورسیٹی کانفرنس کے دوران منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر برائے محنت، اطلاعات و انسانی وسائل سعید غنی، چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ اور یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتھی بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے ملک خدا بخش اوریاسر بھنبھانی کے وژنری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں ملک کے پائیدار توانائی کے مستقبل کے لیے ایک اہم سنگ میل ہیں،ملک خدا بخش سندھ کا سرمایہ ہیں اور وہ یاسر بھنبھانی کے ساتھ ملکر سندھ میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) مینوفیکچرنگ پلانٹس اور چارجنگ ایکوئپمنٹس پر وسیع سرمایہ کاری کررہے ہیں،حکومت بھی انکے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گی۔ملک خدا بخش نے وزیراعلیٰ سندھ سے ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد گفتگو میں کہا کہ ہمارا گروپ چائنا کے تعاون سے کراچی سمیت ملک کے اہم ترین شہروں میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) مینوفیکچرنگ پلانٹس اور چارجنگ ایکوئپمنٹس میں سرمایہ کاری کررہا ہے اورای وی چارجنگ ایکوئپمنٹس کی پہلی شپمنٹ کراچی پہنچ گئی ہے جس کی تنصیب کا عمل شروع ہوچکا ہے،ہماری کوششوں سے چینی کمپنی اے ڈی این گروپ نے پاکستان میں مینوفیکچرنگ اور چارجنگ پلانٹس میں 240ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی جانب قدم بڑھایا ہے اور پاکستان میں مجموعی طور پر 3000 چارجنگ اسٹیشنز لگائے جائیں گے،کراچی میں ابتدائی طور پر میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے دیئے گئے تین مقامات کے ایم سی ہیڈ آفس،واٹر بورڈ پارکنگ شاہراہ فیصل اورڈالمین مال کلفٹن پارکنگ میں الیکٹرک وہیکل (ای وی) ایکوئپمنٹس لگائے جارہے ہیں۔ ملک خدا بخش نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے الیکٹرک گاڑیوں کیلئے بجلی پر خصوصی 44 فیصد رعایتی ٹیرف دیا ،اس سے پٹرول، ڈیزل کی درآمد کی مد میں زر مبادلہ کی بچت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آلودگی کو کم کرنے کیلئے الیکٹرک وہیکلز جیسے اقدامات سود مند ہیں، اس سے ماحولیاتی آلودگی میں نمایاں کمی ہوگی۔