جی-سیون ممالک نے اسرائیل کی حمایت کر دی، چاہتا ہوں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں: ٹرمپ

جی-سیون ممالک نے اسرائیل کی حمایت کر دی، چاہتا ہوں کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں: ٹرمپ

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی حکام کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کینیڈا میں ہونے والے جی-سیون اجلاس کے اعلامیے پر دستخط نہیں کریں گے، جس کے مسودے میں اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق، اعلامیے کے مسودے میں کہا گیا ہے کہ ایران کے پاس کبھی بھی جوہری ہتھیار نہیں ہونے چاہییں، جبکہ اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔ اعلامیے میں توانائی کی منڈیوں سمیت عالمی مارکیٹوں کے استحکام کے تحفظ کے عزم کو بھی دہرایا گیا ہے۔ جی-سیون اجلاس کے موقع پر برطانوی وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو معاہدے پر دستخط کرنے چاہییں، ہم چاہتے ہیں کہ یہ یقینی بنایا جائے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کرے۔ دوسری جانب، صدر ٹرمپ نے جی-سیون اجلاس میں شرکت مختصر کر دی ہے اور وہ آج ہی واشنگٹن واپس روانہ ہوں گے، جہاں وہ اہم معاملات پر مشاورت کریں گے۔ واضح رہے کہ جی-سیون اجلاس 15 جون کو شروع ہوا تھا، جو آج اپنے اختتام کو پہنچے گا۔