جدہ (پریس ریلیز) – دریاء بچاؤ تحریک کے کنوینر اور سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے مرکزی صدر سید زین شاہ کے اعزاز میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جدہ میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں جدہ اور اس کے گردونواح سے سینکڑوں سندھیوں نے شرکت کی۔
شرکاء نے سید زین شاہ سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں روایتی سندھی اجرک اور ٹوپی کا تحفہ پیش کیا۔
تقریب میں جدہ کی معروف سماجی شخصیات جن میں ڈاکٹر برکت نوناری، ڈاکٹر محمد خان میمن، سہیل جمالی، منظور لنڈ، الیاس صدیقی، ماجد چانڈیو، اشرف بگھیو، واجد گاڈہی سمیت بڑی تعداد میں سندھی کمیونٹی کے افراد موجود تھے۔
سید زین شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اوورسیز سندھیوں کو سندھ کے دریائے سندھ پر ہونے والی زیادتیوں اور موجودہ سیاسی و سماجی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ "سندھ اس وقت کثیر الجہتی حملوں کی زد میں ہے، ایک جانب ہمارے پانی پر قبضے کی کوشش ہو رہی ہے اور دوسری جانب سندھ کی زمینیں اور معدنی وسائل لوٹے جا رہے ہیں۔"
انہوں نے زور دیا کہ بیرون ملک رہنے والے سندھیوں پر بھی لازم ہے کہ وہ اپنے وطن سندھ کی خوشحالی اور ترقی میں کردار ادا کریں اور سندھ پر ہونے والے مظالم کے خلاف باخبر اور سرگرم رہیں۔
0 تبصرے