کراچی: نیوٹریشن انٹرنیشنل نے سندھ فوڈ اتھارٹی کے عملے (فوڈ سیفٹی آفیسرز) کو خوردنی تیل کی افزودگی کے فوائد، معیار کی یقین دہانی اور کوالٹی کنٹرول پر بیچ لگژری ہوٹل کراچی میں تربیت دی۔ اس تربیت میں ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی، ٹیکنیکل ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹرز، جامعہ کراچی کے پروفیسرز اور پی سی ایس آئی آر کے سینئر سائنسی افسر نے شرکت کی۔ اس تربیت کا مقصد فوڈ سیفٹی آفیسرز کے علم میں اضافہ کرنا اور انہیں تکنیکی رہنمائی فراہم کرنا تھا تاکہ تمام شہریوں کے لیے غذائی افزودگی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی، آصف جان نے، فوڈ فورٹیفکیشن (غذائی افزودگی) کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے صوبے میں کھلے خوردنی تیل کی فروخت پر پابندی کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر روشنی ڈالی کہ بغیر ضابطے کے تیل صحت کے لیے خطرناک ہے۔ تاہم انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ کم آمدنی والے افراد عموماً سستا ہونے کی وجہ سے کھلا تیل استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا، "اگرچہ پیک شدہ تیل زیادہ محفوظ ہے، ہم ان مالی مشکلات کو بھی سمجھتے ہیں جن کا سامنا کئی خاندانوں کو ہے۔" نیوٹریشن انٹرنیشنل کے ایڈیبل آئل فورٹیفکیشن پروگرام کے صوبائی پروگرام مینیجر، معین قریشی نے سندھ فوڈ اتھارٹی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا، "نیوٹریشن انٹرنیشنل سندھ فوڈ اتھارٹی کے عملے کو تکنیکی رہنمائی، تربیت اور آگاہی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ محفوظ اور غذائیت سے بھرپور تیل کو یقینی بنایا جا سکے۔"
0 تبصرے