بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو مغربی سرحد پر بھارت کی جارحانہ اور اشتعال انگیز کارروائیوں سے آگاہ کیا گیا
اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں موجودہ قومی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران وزیراعظم کو مغربی سرحد پر بھارت کی جارحانہ اور اشتعال انگیز کارروائیوں سے آگاہ کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، اس دورے میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور سروسز چیفس بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران قیادت کو خطے کی سلامتی کی صورتحال، خطرات، روایتی فوجی تیاریوں، ہائبرڈ وار فیئر کی حکمت عملیوں اور دہشت گرد پراکسیز سے متعلق تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔ خاص طور پر بھارت کی بڑھتی ہوئی محاذ آرائی اور اس سے جڑے روایتی خطرات کے تناظر میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
بیان کے مطابق، وزیراعظم اور ان کے ہمراہ معزز شخصیات نے قومی ہوشیاری، اداروں کے مابین ہم آہنگی اور آپریشنل تیاری کی اہمیت پر زور دیا تاکہ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سلامتی کی کسی بھی خلاف ورزی کا مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جا سکے۔
وزیراعظم نے آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ مہارت اور حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ مشکل حالات میں بھی قومی مفادات کے تحفظ اور سلامتی سے متعلق فیصلوں میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان آرمی دنیا کی سب سے زیادہ پیشہ ور اور منظم افواج میں سے ایک ہے۔
قومی قیادت نے وطن کے دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور یقین دلایا کہ قوم کی مکمل حمایت سے پاکستان کی مسلح افواج، تمام ریاستی ادارے اور قومی قوتیں ملک کی سلامتی، وقار اور عزت کے تحفظ کے لیے ہر وقت مکمل طور پر تیار ہیں۔
0 تبصرے