سالانہ ٹیم رینکنگ میں پاکستان سری لنکا سے بھی پیچھے چلا گیا

سالانہ ٹیم رینکنگ میں پاکستان سری لنکا سے بھی پیچھے چلا گیا

دبئی (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سال 2025ء کی سالانہ ٹیم رینکنگ اپڈیٹ جاری کر دی ہے۔ تازہ ترین رینکنگ کے مطابق، سری لنکا تینوں فارمیٹس میں پاکستان سے آگے نکل گیا ہے۔ پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں ساتویں، ون ڈے میں پانچویں اور ٹی ٹوئنٹی میں آٹھویں نمبر پر چلا گیا ہے۔ آسٹریلیا نے ٹیسٹ فارمیٹ میں اپنی حکمرانی برقرار رکھی ہے جبکہ بھارت نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس میں پہلی پوزیشن اپنے نام کی ہے۔ سالانہ اپڈیٹ رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا 126 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ٹیسٹ رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود ہے، مگر اس کی برتری اب صرف 13 پوائنٹس کی رہ گئی ہے۔ ٹیسٹ رینکنگ میں انگلینڈ نے شاندار واپسی کرتے ہوئے 113 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ہے، جبکہ جنوبی افریقہ تیسرے اور بھارت چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔ آئی سی سی کی سالانہ رینکنگ میں نیوزی لینڈ پانچویں، سری لنکا چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر چلا گیا ہے۔ ون ڈے فارمیٹ میں بھارت نے چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد 124 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔ نیوزی لینڈ فائنل میں پہنچنے کے باعث ترقی پا کر دوسرے نمبر پر آ گیا ہے، جبکہ آسٹریلیا تیسرے نمبر پر ہے۔ اپڈیٹ رینکنگ میں سری لنکا چوتھے اور پاکستان پانچویں نمبر پر ہے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی بھارت کی بادشاہت قائم ہے جہاں اس نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے، آسٹریلیا دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ سری لنکا کی رینکنگ میں بہتری آئی ہے اور اس نے ساتویں نمبر پر جگہ بنا لی ہے، جبکہ پاکستان ایک درجہ نیچے آ کر آٹھویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔