کراچی (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ خدا نہ کرے کہ کبھی کوئی ایٹمی ٹکراؤ ہو، لیکن پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، اور جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھتی ہے تو یہ خطرہ ہمیشہ موجود رہتا ہے۔
ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، ہماری فوج ہر طرح کی صلاحیت سے لیس ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں دونوں ممالک کے درمیان جنگیں ہو چکی ہیں، ہماری امید ہے کہ اب ایسا کچھ نہ ہو اور فریقین ہوش سے کام لیں، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ دونوں ممالک کے ساتھ رابطے میں رہے اور کشیدگی کم کرانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانب دار تحقیقات کرائی جائیں، ایسا ماحول بنایا جائے جس میں بھارت اور پاکستان مل کر کام کر سکیں۔ اگر ایسا نہ ہوا تو معاملہ کسی محدود جھڑپ کی صورت اختیار کر سکتا ہے، جو فضائیہ یا کسی اور عسکری شعبے میں ہو سکتی ہے، اور یہ کشیدگی مکمل جنگ میں تبدیل ہو سکتی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دونوں ممالک ایٹمی طاقتیں ہیں، خدا نہ کرے کہ کوئی ایٹمی ٹکراؤ ہو، لیکن جب بھی کشیدگی بڑھتی ہے، تو اس کا خطرہ ہمیشہ موجود رہتا ہے۔
0 تبصرے