کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت پاکستان زندہ باد ریلی ٹاور تا سندھ اسمبلی تک نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت صوبائی وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی، جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، صوبائی وزراء، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، سینیٹرز و دیگر قائدین نے کی۔ ریلی کے شرکاء ٹاور سے مارچ کرتے ہوئے سندھ اسمبلی چوک پہنچے تو ریلی نے جلسہ کی صورت اختیار کرلی۔ ریلی کے شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پاکستان اور پارٹی کے پرچم تھام رکھے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ و صدر پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا کہ آج کی ریلی کے تین بنیادی مقاصد تھے۔ ایک آج ہم یوم مئی ہے شکاگو کے شہداء کو سرخ سلام پیش کرتے ہیں۔ دوسرا دریائے سندھ پر کینالوں کا مسئلہ تھا جس کو سندھ کے غیور عوام، صدر آصف زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلٰی سندھ نے خوش اسلوبی سے حل کیا اور ریلی کا تیسرا مقصد مودی کی بدمعاشی کو جواب دینا تھا۔ سعید غنی نے کہا کہ ہماری قیادت نے کینالز پر سی سی آئی میں اپنا مضبوط اور دو ٹوک موقف اختیار کرکے اس متنازعہ کینالز کے منصوبے کو اس کے منتقی انجام تک پہنچا کر سندھ کے مفادات کا سودا کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے مفادات کی محافظ ہے، ہمارے قائدین نے صوبے، ملک اور ایک ایک شخص کے مفادات پر کسی کو سودے بازی نہیں کرنے دی ہے اور آئندہ کرنے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام نے کینالز پر اپنی سیاست چمکانے والوں اور مفادات حاصل کرنے والوں کا پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر خاتمہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کبھی بھی سندھ کے حقوق پر سودے بازی نہیں کی بلکہ پیپلز پارٹی نے سندھ کے حقوق کے لیئے قربانیاں دی ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ مودی کا بدمعاش "را" کا بدمعاش امریکہ میں پکڑے گئے۔کینیڈا کے شہریوں کو بھارت نے قتل کیا۔ ہمارے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت براہ راست ملوث رہا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اس بار بھی ہماری حکومت نے بروقت موقف اختیار کیا کہ جس دہشتگردی کا بھارت جھوٹا اور بے بنیاد پروپیگنڈا کررہا ہے اس کی عالمی سطح پر تحقیقات کروائی جائے۔ سعید غنی نے کہا کہ بہار کے ریاستی انتخابات جیتنے کے لیئے مودی خود بھارت میں دہشتگردی کروا رہا ہے اور وہ اپنی سیاست ک2 زندہ رکھنے کے لئے اس طرح کے خود اقدامات کروا رہا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ مودی کے خلاف ہم سب ایک ہے، ہم چاہے ہمارے کتنے ہی سیاسی اختلافات ہوں لیکن بھارت کے خلاف پاکستانی قوم میں کوئی تقسیم نہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ بھارت کے خلاف 25 کروڑ پاکستانی ایک ہیں۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ کچھ وقت پہلے بھارت نے ہماری سرحدوں کی خلاف ورزی کی تھی ہم نے اس وقت بھی ابھے نندن کو چائے پلا کر رخصت کیا تھا لیکن اب اس بار چائے بھی نہیں پلائیں گے اور رخصت بھی نہیں کریں گے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہمارے پاس واضح شواہد موجود ہیں کہ سندھ ہو، بلوچستان ہو یا خیبر پختون خواہ بھارت پاکستانی شہریوں کو قتل کرواتا ہے۔ ہمارے پاس جیتا جاگتا کلبھوشن موجود ہے، جو بھارتی فوجی اور "زا" کا ایجنٹ ہے جو اس وقت ہماری جیل میں ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم بھارت پر یہ واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اب ہم نہ جان لینے سے پیچھے ہٹیں گے نہ جان دینے سے پیچھے ہٹیں گے اور تمام پاکستانی ایک پیج پر پاکستانی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جاوید ناگوری نے کہا کہ پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا وقار اور ہماری عزت ہے اور ہم پاکستان پر ایک انچ بھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
0 تبصرے