راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ "اللہ تعالیٰ کے بعد ہمارا سب سے بڑا بھروسا اپنی قوم اور اپنے اوپر ہے، پاکستانی قوم نے کبھی سر نہیں جھکایا اور نہ ہی آئندہ جھکائے گی۔"
چینی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کا حوصلہ اور عزم ہے، جب قوم کے ارادے مضبوط ہوں تو دنیا کی بڑی طاقتیں بھی اس کا احترام کرنے پر مجبور ہو جاتی ہیں۔
انہوں نے موجودہ عالمی حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا کے بیشتر ممالک ماحولیاتی تبدیلی، آبادی میں اضافہ اور انسانی ترقی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ایسے حالات میں اگر کوئی ملک بغیر ثبوت کے کسی دوسرے ملک پر الزام تراشی یا حملہ کرتا ہے تو یہ رویہ ناقابل قبول ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے، ہماری خواہش بھی امن ہے اور آج ملک کی فضاؤں اور گلیوں میں امن کی خوشبو محسوس کی جا سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین مل کر خطے میں استحکام اور امن کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بھی بھرپور جنگ لڑ رہا ہے، کیونکہ دہشت گردوں کا اصل مقصد ترقی کے عمل کو روکنا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام ترقی اور خوشحالی کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں، چین کی مختصر مدت میں کی گئی ترقی پوری دنیا کے لیے ایک روشن مثال ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام، مسلح افواج اور قومی ادارے باہمی اتحاد سے ملک کو دہشت گردی سے پاک کرکے ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے اور وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ترقی کی منزلیں طے کرے گا۔
0 تبصرے