ٹرمپ کے الزامات: کملا ہیرس پر انتخابی مہم میں بے ضابطگیوں کا دعویٰ، تحقیقات کا عندیہ

ٹرمپ کے الزامات: کملا ہیرس پر انتخابی مہم میں بے ضابطگیوں کا دعویٰ، تحقیقات کا عندیہ

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2024 کے صدارتی انتخابات میں اپنی حریف کملا ہیرس پر انتخابی مہم کے دوران مشہور شخصیات کی حمایت حاصل کرنے کے لیے غیر قانونی طریقے اپنانے کا الزام لگایا ہے، اور اس حوالے سے تحقیقات شروع کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ کملا ہیرس نے معروف شخصیات کو پیسے دے کر ان کی حمایت حاصل کی، جو انتخابی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق کسی بھی امیدوار کو مالی ترغیب دے کر حمایت حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، لیکن کملا ہیرس نے اسے تفریحی سرگرمی کا رنگ دے کر یہ کام انجام دیا۔ ٹرمپ نے معروف گلوکار بروس اسپرنگسٹین کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا انہیں کملا ہیرس کی جانب سے مالی معاونت ملی؟ اور اگر ہاں، تو انہوں نے یہ کیوں قبول کی؟ یاد رہے کہ کملا ہیرس کو اپنی انتخابی مہم کے دوران بیونسے، اوپرا ونفرے اور بروس اسپرنگسٹین جیسے بڑے ناموں کی حمایت حاصل رہی، جس سے ان کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا۔