قومی سلامتی کمیٹی کا بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ

قومی سلامتی کمیٹی کا بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ

اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی نے پاک فوج کو بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کا اختیار دے دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس اختتام پذیر ہوگیا، جس میں اعلیٰ فوجی حکام، وزرا اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔ اعلامیے کے مطابق اس فورم نے بھارت کے حملوں میں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی، شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ قومی سلامتی کمیٹی نے بھارت کی بلااشتعال اور غیرقانونی جنگی کارروائی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سنگین صورتحال پر غور کیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ 6 اور 7 مئی کی شب بھارتی مسلح افواج نے پاکستان کی خودمختار سرزمین پر مربوط میزائل، فضائی اور ڈرون حملے کیے، جن میں پنجاب کے سیالکوٹ، شکرگڑھ، مریدکے، بہاولپور اور آزاد جموں و کشمیر کے کوٹلی اور مظفرآباد شامل تھے۔ اس میں مزید کہا گیا کہ یہ حملے بلاجواز اور بلااشتعال تھے، جن میں جان بوجھ کر شہری علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارت نے یہ حملے جھوٹے بہانوں پر کیے، جن میں دہشت گرد کیمپس کی موجودگی کا دعویٰ کیا گیا۔ ان حملوں میں معصوم مردوں، خواتین اور بچوں کی شہادت ہوئی اور شہری انفراسٹرکچر، بشمول مساجد، کو نقصان پہنچا۔