کراچی: بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر اور پاکستان میں ہونے والے بزدلانہ حملوں کے بعد فضائی آپریشن متاثر ہوا تھا، تاہم اب یہ دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے۔
پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے ایک نیا نوٹم جاری کیا ہے جس کے مطابق لاہور اور کراچی کی فضائی حدود کو پروازوں کے لیے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
نوٹم میں بتایا گیا ہے کہ آپریشنل پابندیوں کے دوران 48 گھنٹوں کے لیے فضائی حدود معطل کی گئی تھی، لیکن اب وہ مکمل طور پر بحال ہو چکی ہیں۔
نوٹم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر مسافروں کو اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کرنا چاہیے، کیونکہ پروازوں کے شیڈول اور راستوں کے بارے میں حتمی فیصلہ ایئرلائنز کے اختیار میں ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کا فلائٹ آپریشن بھی بحال ہو چکا ہے، جس کے بعد 4 نجی طیارے وہاں لینڈ کر چکے ہیں، اور اسلام آباد کی فضائی حدود بھی پروازوں کے لیے کھول دی گئی ہے۔
0 تبصرے