پاکستان نے بھارتی جارحیت سے متعلق اقوام متحدہ کو آگاہ کر دیا، مؤثر جواب دینے کا حق محفوظ رکھا گیا

پاکستان نے بھارتی جارحیت سے متعلق اقوام متحدہ کو آگاہ کر دیا، مؤثر جواب دینے کا حق محفوظ رکھا گیا

پاکستان نے بھارت کی جانب سے کی گئی حالیہ فوجی کارروائی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو باضابطہ طور پر مطلع کر دیا ہے، اور واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی مناسب وقت اور مقام پر مؤثر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ بھارتی افواج نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفرآباد، باغ، اور پاکستان کے دیگر شہروں مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ ان حملوں کے دوران دو مساجد کو بھی نقصان پہنچا، جبکہ ایک کمسن بچی سمیت 8 شہری جاں بحق اور 35 زخمی ہوئے۔ جوابی کارروائی میں پاک فوج نے انتہائی مہارت اور دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیارے، ایک سکوی، ایک مگ 29 اور ایک ڈرون کو نشانہ بنایا۔ اس کے ساتھ ساتھ بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی کے بعد لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے سفید جھنڈا لہرا کر پسپائی اختیار کی، جسے عسکری ماہرین نے شکست کا اعتراف قرار دیا ہے۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی کارروائی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے مذمت کی، جبکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے بتایا کہ پاکستان کی جوابی کارروائی میں دشمن کے پانچ جنگی طیارے اور ایک ڈرون تباہ کیا گیا، جبکہ کئی چیک پوسٹیں بھی نشانہ بنائی گئیں۔ اُن کے مطابق بھارت کی سفید جھنڈے کی نشاندہی اُس کے میڈیا اور فوج دونوں کی شکست کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ہمیشہ تحقیقات سے گریز کرتا آیا ہے، اور اب بھی جارحیت کے بعد پسپا ہو کر بھاگ گیا۔ وزیر اطلاعات کے مطابق، دشمن نے خواتین، بچوں اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنا کر اپنی کمزوری کا اظہار کیا ہے۔ مریدکے اور بہاولپور کے دورے کے لیے ملکی و غیر ملکی میڈیا کو لے جانے کا منصوبہ تھا، لیکن بھارتی حملے کے بعد یہ دورہ ملتوی کرنا پڑا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ سلامتی کونسل کو بھارتی کارروائی کی مکمل تفصیلات سے آگاہ کر دیا گیا ہے، اور پاکستان عالمی قوانین کے مطابق اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔