اسلام آباد : ریکوڈک جوائنٹ وینچر کے شیئر ہولڈرز نے منصوبے کی تازہ ترین فیزیبلٹی اسٹڈی کی منظوری دے دی ہے اور اس سے منسلک فیز 1 کی ترقیاتی سرمایہ کاری کی منظوری بھی دے دی ہے، جو کہ 3 ارب ڈالر تک کی محدود وسائل پر مبنی منصوبہ جاتی مالی معاونت کی فراہمی سے مشروط ہے۔ یہ منظوری منصوبے کو 2025 میں بڑے تعمیراتی کاموں کے آغاز کی اجازت دیتی ہے، جبکہ 2028 کے اختتام تک پہلی پیداوار کے ہدف کو برقرار رکھا گیا ہے۔ اس موقع پرشیئر ہولڈرز نے فلور کارپوریشن کو مرکزی انجینئرنگ، پروکیورمنٹ اور تعمیراتی انتظام (Engineering, Procurement and Construction Management -EPCM) کاپارٹنر منتخب کیا ہے۔ فلور، بیرک کی اونر ٹیم کے ساتھ مل کر منصوبے کے تفصیلی ڈیزائن اور تعمیرات پر کام کرے گی۔ اس پیش رفت پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے بیرک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسرمارک برسٹو نے کہا کہ، "ریکوڈک دنیا کے سب سے بڑے غیر ترقی یافتہ تانبے اور سونے کے منصوبوں میں شامل ہے۔ اس کی ترقی میں بیرک، حکومت بلوچستان اور حکومت پاکستان کے درمیان مضبوط شراکت داری کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔” ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کے ضلع چاغی میں واقع ہے جس میں بیرک کے ساتھ پاکستان کی وفاقی حکومت اور بلوچستان کی صوبائی حکومت بھی شراکت دار ہیں جبکہ بیرک اس پروجیکٹ کا آپریٹر بھی ہے۔ مارک برسٹو نے مزید کہا، "فلور کو EPCM پارٹنر منتخب کرنا ہماری اس صلاحیت کو مزید تقویت دیتا ہے کہ ہم ریکوڈک منصوبے کو عالمی معیار کے ساتھ، تکنیکی مہارت، نظم و ضبط اور سماجی و ماحولیاتی ذمے داری کے تحت مکمل کریں۔ ہم فلور کے ساتھ قریبی اشتراک کے لیے پرعزم ہیں تاکہ ریکوڈک بلوچستان اور پاکستان کے عوام کے لیے دیرپا فوائد فراہم کرسکے۔” فلور کو اس عمل میں ماہر انجینئرنگ کنسلٹنٹس جیسے کہ ,Knight Piesold PRDW اور Vecturis کی معاونت بھی حاصل ہوگی، جنہوں نے فزیبلٹی اسٹڈی کے دوران بیرک کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ برسٹو نے اس بات پر زور دیا کہ فلور کا انتخاب اس مشترکہ عزم کا اظہار ہے کہ کان کنی کے بڑے منصوبے محفوظ، ذمہ دارانہ اور مو¿ثر طریقے سے مکمل کیے جائیں اور اس کے ساتھ ساتھ مقامی سطح پر روزگار، سپلائی چین، اور کمیونٹی کی ترقی کو فروغ دیا جائے۔ منصوبے کے لیے دیگر اہم شراکت دار ادارے جیسے ,Metso Weir اور Komatsu بھی منتخب کیے گئے ہیں، جو پروسیسنگ اور کان کنی کی مشینری فراہم کریں گے۔ برسٹو نے مزید کہا "یہ انجینئرنگ اور سپلائی چین کی شراکت دار ایسی عالمی مہارت رکھتے ہیں جو بلند پہاڑی، دور دراز اور مشکل علاقوں میں بڑے تانبے کے منصوبوں کی تکمیل کا تجربہ رکھتی ہے۔ یہ تجربہ بیرک کی اس قابلیت سے ہم آہنگ ہے جس کے تحت ہم نے دنیا بھر کے چیلنجنگ علاقوں میں کامیابی کے ساتھ بڑے منصوبے مکمل کیے ہیں۔
0 تبصرے