جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور مجلس وحدت مسلمین نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں احتجاج کیا۔رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف مظاہرے کیے گئے، کراچی میں جماعت اسلامی اور ایم ڈبلیو ایم نے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا، جبکہ حیدرآباد میں بھی ریلی نکالی گئی۔اسی طرح خیبرپختونخوا میں پشاور، شانگلہ، سوات، بٹگرام، تورغر، صوابی، دیر اپر، دیر لوئر، منیرہ، کوہستان اور ضلع کے دیگر علاقوں میں ریلیاں نکالی گئیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک جاری بیان کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی اپیل پر جماعت اسلامی نے دیر، لاہور اور اسلام آباد سمیت متعدد شہروں میں غزہ مارچ کیا۔اسلام آباد آبپارہ چوک میں جماعت اسلامی کا غزہ کے حق میں مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین کی جانب سے آگے بھڑنے کی کوشش کی گئے، اس دوران ان کا پولیس سے آمنا سامنا ہو گیا۔غزہ میں اسرائیلی ظلم کے خلاف لاہور میں مال روڈ پر احتجاج میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پورا پاکستان اسرائیلی ایجنٹوں اور امریکی غلاموں کو مردہ باد کہہ رہا ہے، حکمرانوں کو کہتے ہیں ہوش کے ناخن لو۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل ہمارے بچوں کو قتل کر رہا ہے، حملوں سے بچے ہوا میں اچھلتے اور ٹکڑے ٹکڑے ہوجاتے ہیں، نیتن یاہو سن لو! ہمارے ایک ایک بچہ کے خون کا بدلہ امت مسلمہ لے گی۔حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ 18 اپریل کو ملتان اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں تاریخی مارچ ہوگا۔
0 تبصرے