"ایسا جیون ساتھی ہونا چاہیے جو سکون دے: طوبیٰ انور"

پاکستانی اداکارہ طوبیٰ انور نے اپنی شادی کے حوالے سے جیون ساتھی کی خصوصیات بیان کر دی

کراچی: پاکستانی اداکارہ طوبیٰ انور نے اپنی شادی کے حوالے سے جیون ساتھی کی خصوصیات بیان کر دی ہیں۔ طوبیٰ انور نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی زندگی اور شوبز انڈسٹری کے بارے میں گفتگو کی۔ میزبان کی جانب سے اداکارہ سے جیون ساتھی کے بارے میں سوال کیا گیا، جس کے جواب میں طوبیٰ انور نے کہا کہ "وہ سمجھتی ہیں کہ جیون ساتھی کے لیے ایک اچھے ساتھ رکھنے والا انسان ہونا ضروری ہے۔ وقتی طور پر ہمیں کچھ لوگ اچھے لگتے ہیں، لیکن ان کے ساتھ طویل رشتہ رکھنا مشکل ہوتا ہے کیونکہ دونوں کے درمیان اچھی دوستی نہیں ہوتی، بات کرنے کے لیے دلچسپ موضوعات نہیں ہوتے۔" اداکارہ نے مزید کہا کہ "اگر میں کسی کے ساتھ زندگی گزارنے کے بارے میں سوچوں گی، تو یہ ضرور دیکھوں گی کہ وہ میرا دوست ہے یا نہیں، رشتہ عزت پر مبنی ہے یا نہیں، پڑھا لکھا ہو، اور اچھی کمائی کے ساتھ ساتھ ایسا لائف پارٹنر ہو جو سکون دے۔" واضح رہے کہ اداکارہ طوبیٰ انور نے 2018 میں مرحوم ٹی وی میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت سے شادی کی تھی اور 2022 میں ان سے طلاق لے لی تھی۔