اکنامک ٹیم کوفوائدحاصل کرنے کیلئے امریکا بھیجا جائے ،ملک خدا بخش

وزیرخزانہ کی سربراہی میں قائم کمیٹی میں بزنس کمیونٹی کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے

اکنامک ٹیم کوفوائدحاصل کرنے کیلئے امریکا بھیجا جائے ،ملک خدا بخش

کراچی: پاکستان بزنس فورم(کراچی ریجن)کے صدراورکنوینر اسٹینڈنگ کمیٹی برائے انرجی،ایف پی سی سی آئی ملک خدا بخش نے بجلی نرخ میں ریکارڈ کمی اور ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کی کوششوں پر وزیراعظم شہباز شریف اور انکی پوری ٹیم،آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گھریلو اور صنعتی صارفین کیلئے بجلی نرخ کم کرنے سے ملکی انڈسٹری کو فروغ حاصل ہوگا، پیداواری لاگت جتنی کم ہوگی ایکسپورٹ میں اسی قدر تیزی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف کی کاوشوں سے ملک درست سمت پرگامزن ہوچکا ہے،پاکستان کو ڈیفالٹ سے بھی بچایا لیاگیاہے اور اب ترقی کی راہ پر گامزن ہے ،ملک میں معیشت کے استحکام کے ساتھ نئے روزگارکے مواقع پیدا ہو رہے ہیں جبکہ بجلی سستی کرنے سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ ایکسپورٹ بھی بڑھے گی۔ملک خدا بخش نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان پر عائد کئے جانے والے ٹیرف کو برآمدات میں اضافے کے لئے چیلنج کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لیے اپنی تجارتی پوزیشن کو مضبوط بنانے اور امریکہ کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مزید گہرا کرنے کا موقع ہے، امریکہ کو ٹیکسٹائل برآمد کرنے والے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی مسابقتی برتری کو برقرار رکھنے کے لئے امریکہ سے سویا بین، کپاس،ا سکریپ اور پیٹرولیم مصنوعات ترجیحی بنیادوں پر درآمد کی جائیں۔ملک خدا بخش نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف نے وزیرخزانہ کی سربراہی میں امریکہ کی جانب سے عائد کردہ ٹیرف کے حوالے سے امریکا سے مذاکرات کیلئے جو کمیٹی تشکیل دی ہے اس میں سابق وفاقی وزیر اور بزنس کمیونٹی کے قائد ڈاکٹر گوہر اعجاز،سابق صوبائی وزیر پنجاب اور یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر،ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ اورسینئرنائب صدر ثاقب فیاض مگوںسمیت متعلقہ شعبوں سے وابستہ ممتاز بزنس مینوں کو بھی شامل کیا جائے اور ان کی مشاورت سے ایسی موثر پالیسی بنائی جائے جس کے ذریعہ امریکا کی ہائی کمان کے ساتھ کامیاب مذاکرات کئے جاسکیں ۔ ملک خدا بخش نے حکومت سے کہاکہ وزیراعظم اپنی اکنامک ٹیم کو وزیرخزانہ اور وزیر تجارت کی سربراہی میں فوری طور پر امریکہ بھیجیں تاکہ وہ امریکی صدر ڈولڈ ٹرمپ کی جانب سے عائد کردہ ٹیرف سے نمٹنے کے لئے موثر تیاری کے ساتھ ٹیرف کے تناظر میں پاکستانی ایکسپورٹ کو بڑھانے کیلئے مواقعوں سے فائدہ اٹھا نے کیلئے اقدامات کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو امریکہ سے مذکرات کرنے کے علاوہ برآمدی منڈیوں کو متنوع بنانے اور ویلیو ایڈیشن بڑھانے کی ضرورت ہے،امریکہ ہماری سب سے بڑی برآمدی منڈی اور قابل قدر تجارتی پارٹنر ہے، پاکستان کئی دہائیوں سے امریکی کپاس کا ایک اہم درآمد کنندہ رہا ہے اس لئے امریکی انتظامیہ کو پاکستان کی برآمدات کو غیر متناسب طور پر نقصان پہنچانے والی پالیسیوں سے گریز کرنا چاہیے۔