پانی کے جذبات؟ جویریہ سعود کے بیان پر سوشل میڈیا پر تبصروں کی بھرمار

پانی کے جذبات؟ جویریہ سعود کے بیان پر سوشل میڈیا پر تبصروں کی بھرمار

اداکارہ جویریہ سعود کے پانی سے متعلق بیان پر صارفین کے دلچسپ تبصرے اداکارہ اور میزبان جویریہ سعود کے پانی کے جذبات اور سننے کی صلاحیت سے متعلق بیان نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی۔ صارفین حیرانی اور تفریح کے ساتھ دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔ حال ہی میں ایک ٹی وی شو کے دوران جویریہ سعود نے مہمان اداکارہ ایمن خان کو جاپانی سائنسدان کی پانی پر کی گئی تحقیق سے متعلق بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ: "ہر پانی کی اپنی تاثیر ہوتی ہے، جاپانی سائنسدان نے ثابت کیا کہ پانی جذبات رکھتا ہے اور سن بھی سکتا ہے۔" جویریہ سعود نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ: "اس سائنسدان نے دو بوتلوں میں پانی رکھا۔ ایک پر اچھی باتیں کیں اور دوسری پر منفی باتیں۔ کچھ وقت بعد مثبت الفاظ والا پانی صاف جبکہ منفی باتوں والا پانی گندا ہو گیا۔" انہوں نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے دعویٰ کیا: "ہم جو کھانا بناتے ہیں، اس میں بھی 70 فیصد پانی ہوتا ہے۔ اگر دل سے کھانا بنایا جائے تو وہ گھر والوں پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔" مسارا ایموٹو کا دعویٰ – پانی پر انسانی جذبات کا اثر؟ جویریہ سعود نے جس جاپانی سائنسدان کا حوالہ دیا، وہ مسارا ایموٹو ہیں۔ مسارا ایموٹو نے اپنی کتاب میں دعویٰ کیا تھا کہ: "پانی اردگرد کی چیزوں، انسانی جذبات، خیالات اور رویوں سے متاثر ہوتا ہے۔ مثبت سوچ پانی کے مالیکیول کو خوبصورت بناتی ہے جبکہ منفی جذبات اسے بگاڑ دیتے ہیں۔" تاہم، سائنسی حلقوں میں مسارا ایموٹو کی تحقیق کو متنازع اور ناقابلِ تصدیق قرار دیا گیا ہے، لیکن سوشل میڈیا پر جویریہ سعود کے اس بیان نے صارفین کو خوب محظوظ کیا۔