معاشرے کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کو حل کرنے کے لئیے صحافیوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا
کراچی: سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ نے آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر صحافیوں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ آزادی صحافت معاشرے کے اجتماعی شعور کا آئینہ دار ہوتی ہے۔ معاشرے کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کو حل کرنے کے لئیے صحافیوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ میڈیا کی آزادی معاشرتی احساس ذمہ داری سے مشروط ہے۔کراچی سے جاری بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ آمرانہ حکومت نے دھونس دھمکیوں کے ذریعے آزادی صحافت کو قید خانے میں تبدیل کردیا یے۔ ملک میں صحافیوں کو قتل، جسمانی تشدد، غیر قانونی حراس، دھمکیوں گرفتاریوں اور جھوٹے مقدمات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نام نہاد جمہوری مسلط حکومت کا کرپشن زدہ چہرہ بے نقاب کرنے پر آزادی صحافت پر آمرانہ حملے اور بندشیں عائد کر کے من گھڑت اور بے بیناد مقدمات درج کرنے اور دیگر ہتھکنڈوں اور حربوں سے حراساں کر کے صحافیوں کی آواز اور زبان بند کرنے کی ناکام کوشش ہو رہی ہے جس کی مذمت کرتے ہیں۔ سید زین شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت میڈیا کش پالیسیاں بنا کر اظہار کی آزادی پر پابندی لگانے کی کوشش کر رہی ہے، حکومت نے اپنے دور میں کتنے ہی صحافیوں کو ہراساں اور دبانے کے لیے ان پر جھوٹے مقدمات درج کیے۔ صحافیوں نے حق گوئی کی بھاری قیمت ادا کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 1993 میں آزادی صحافت کے حوالے سے ہر سال 3 مئی کو یوم صحافت منانے کا اعلان کیا تھا لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ ہمارے ملک میں پاس ہونے والا صحافیوں کے تحفظ کا بل کاغذی کارروائی تک محدود ہے۔سید زین شاہ نے کہا کہ صحافیوں کے راستے میں کانٹے ہی کانٹے بچھائے جاتے ہیں۔ صحافی کو سچ بولنے، کالم نگار کو سچ لکھنے، تجزیہ نگار کو ایمانداری سے سچ تجزیہ کرنے کی سزا بسا اوقات اس قدر بھیانک ملتی ہے کہ وہ اور اس کا خاندان ہمیشہ ہمیشہ کے لیے مشکلات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں میڈیا کو کنٹرول اور ملک کی عدلیہ کو دباؤ میں رکھنا سیاسی سوچ نہیں بلکہ آمریت کے ہتھکنڈے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم صحافت کے لئیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید ارشد شریف اور دیگر صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے قتل کی پیچھے پس پردہ عناصر کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ سید زین شاہ نے کہا کہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی آزادی صحافت کے لیے جدوجہد میں صحافی کمیونٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔ سندھ یونائیٹڈ پارٹی ملک میں آزادی صحافت اور صحافیوں کے حقوق کے لئیے جمہوری انداز میں جدوجہد جاتی رکھے گی۔
0 تبصرے