نئی دہلی : بھارت کے شہر پونے کے مصروف علاقے سوار گیٹ بس اسٹینڈ پر ایک 26 سالہ خاتون کے ساتھ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ مبینہ زیادتی ایک بس میں ہوئی اور حیران کن بات یہ ہے کہ یہ واقعہ ایسے مقام پر پیش آیا جہاں پولیس تھانہ صرف 100 میٹر کے فاصلے پر تھا۔ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کی شناخت ہو گئی ہے، تاہم گرفتاری ابھی تک عمل میں نہیں آئی ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم پہلے متاثرہ خاتون سے بات کر رہا ہوتا ہے اور پھر اُسے "ادی" کہہ کر پکار رہا ہے۔ وہ اُسے ایک بس میں بٹھا کر کہتا ہے کہ یہ بس اُسے منزل تک پہنچائے گی۔ خاتون کے مطابق، جب بس میں اندھیرا ہونے کی شکایت کی تو ملزم نے کہا کہ دوسرے مسافر سو رہے ہیں، اس لیے روشنی بند ہے۔ جیسے ہی وہ بس میں سوار ہوئی، ملزم نے دروازہ بند کر لیا اور اُس کے ساتھ زیادتی کی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ یہ بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ بس ڈپو انتظامیہ نے اس واقعے کو کیسے ہونے دیا اور سیکیورٹی انتظامات میں کوتاہی کیوں ہوئی۔
0 تبصرے