نئی دہلی: بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک شادی کی تقریب کے دوران اس وقت ہنگامہ برپا ہو گیا، جب نشے میں دھت دولہا نے دلہن کے بجائے دلہن کی دوست کو ہار پہنا دیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق، اتر پردیش کے شہر بریلی میں 26 سالہ نوجوان رویندر کمار اپنی بارات لے کر دیر سے شادی ہال پہنچا۔دلہن کے گھر والوں کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق، دولہے والوں نے اضافی جہیز کا مطالبہ کیا تھا۔دلہن کے والد کے مطابق، انہوں نے شادی سے پہلے کی رسومات کے دوران ڈھائی لاکھ روپے اور شادی کی صبح مزید دو لاکھ روپے دیے تھے، مگر دولہا کے خاندان کے لیے یہ رقم ناکافی تھی۔دولہا مبینہ طور پر نشے کی حالت میں شادی ہال پہنچا اور دلہن کے رشتہ داروں سے بدتمیزی کی۔ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا کہ پھولوں کے ہار پہنانے کی رسم سے کچھ دیر پہلے تک دولہا اپنے دوستوں کے ساتھ شراب پی رہا تھا، پھر اس نے ہار دلہن کو پہنانے کے بجائے اس کے قریب کھڑے اپنے دوست کے گلے میں ڈال دیا۔ یہ منظر دیکھ کر 21 سالہ راڌا دیوی غصے میں آگئی اور دولہا کو تھپڑ مار کر وہاں سے چلی گئی۔ اس کے بعد دونوں خاندانوں کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا، جس میں ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکی گئیں، تاہم پولیس موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں لے آئی اور بارات کو واپس بھیج دیا۔ پولیس نے دولہا اور اس کے دوستوں کو حراست میں لے لیا اور ان کے خلاف دلہن کی عزت کو نقصان پہنچانے اور امن خراب کرنے کے الزامات میں مقدمہ درج کر لیا۔ دولہا کے خلاف جہیز کے مطالبے پر بھی قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
0 تبصرے