آل میچ میکرز اتحاد آرگنائزیشن (رجسٹرڈ) کے زیرِ اہتمام ایک شاندار میگا ایونٹ کا انعقاد

ملک بھر سے معزز شخصیات اور میچ میکنگ انڈسٹری کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی

آل میچ میکرز اتحاد آرگنائزیشن (رجسٹرڈ) کے زیرِ اہتمام ایک شاندار میگا ایونٹ کا انعقاد

کراچی (وسیم قریشی) آل میچ میکرز اتحاد آرگنائزیشن (رجسٹرڈ) کے زیرِ اہتمام ایک شاندار میگا ایونٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے معزز شخصیات اور میچ میکنگ انڈسٹری کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین آل میچ میکرز ایسوسی ایشن، سمیع شیخ تھے، جن کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ تقریب کی آرگنائزر اور میزبان شگفتہ گل نے مہمانوں کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا اور سمیع شیخ کو یادگاری شیلڈ اور تحائف پیش کیے۔اس موقع پرانہوں نے سمیع شیخ کی خدمات کو زبردست انداز میں سراہا اور انہیں میچ میکنگ انڈسٹری کی ترقی میں ایک اہم شخصیت قرار دیا۔ سمیع شیخ نے اپنے خطاب میں میچ میکنگ کے شعبے میں اتحاد، دیانت داری اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے تنظیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر اس انڈسٹری کو مزید ترقی دینی ہے تو اس میں شفافیت کو یقینی بنانا ہوگا۔انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ بعض جگہوں پر ایسے ایونٹس منعقد کیے جاتے ہیں جہاں غیرمستند افراد کو مدعو کیا جاتا ہے، یہاں تک کہ جرائم پیشہ افراد کو بھی بلا کر میچ میکنگ انڈسٹری کے وقار کو مجروح کیا جاتا ہے۔ سمیع شیخ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج کل بعض لوگ میچ میکنگ کے نام پر ایسے پروگرام منعقد کر رہے ہیں جو درحقیقت فیشن شوز اور کیٹ واک کی تقریبات بن چکے ہیں، جہاں اصل مقصد رشتہ کرانا نہیں بلکہ تفریح اور کاروباری تشہیر ہوتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نام نہاد میچ میکرز، جن کا کوئی مستند پس منظر نہیں اور جن کے خلاف کرمنل ریکارڈ بھی موجود ہوتا ہے، انہیں ان تقریبات میں نمایاں مقام دیا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ ہال بھرنے کے لیے لوگوں کو پیسے دے کر بلایا جاتا ہے تاکہ تقریب بڑی اور متاثر کن نظر آئے۔ سمیع شیخ کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات میچ میکنگ کے مقدس پیشے کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور عوام کا اعتماد کمزور ہو رہا ہے۔ایونٹ کے دوران مختلف امور پر گفتگو ہوئی اور میچ میکنگ کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس تقریب کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ ایسے ایونٹس رشتہ کرانے کے نظام کو مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔پروگرام کے اختتام پر آرگنائزیشن کی قیادت نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ مزید ایونٹس کے انعقاد کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کی یہ تقریب میچ میکنگ انڈسٹری کی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوئی، جس نے اس پیشے میں شفافیت، دیانت داری اور اعلیٰ معیار کو فروغ دینے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔