نامور سندھی شاعر آکاش انصاری کے لے پالک بیٹے نے والد کے قتل کا اعتراف کرلیا

نامور سندھی شاعر آکاش انصاری کے لے پالک بیٹے نے والد کے قتل کا اعتراف کرلیا

حیدرآباد میں چند روز قبل جھلس کر جاں بحق ہونے والے نامور شاعر اور ادیب ڈاکٹر آکاش انصاری کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

کیس کے تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر آکاش انصاری کے زیرحراست لے پالک بیٹے لطیف آکاش نے والد کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے، ملزم نے ڈاکٹر آکاش کو قتل کرنے کے بعد کمرے میں آگ لگائی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قتل کی واردات کے تمام شواہد اکھٹا کر لیے ہیں، ڈاکٹر آکاش کا بیٹا نشے کا عادی ہے اور آئے روز والد سے رقم کا تقاضہ کرتا رہتا تھا۔

تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ فارنزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے، ملزم کا ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے انکشاف کیا تھا کہ ڈاکٹر آکاش انصاری کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاش کو جلایا گیا۔

ڈاکٹر آکاش انصاری نے ایک سال قبل اپنے لے پالک بیٹے لطیف آکاش کے خلاف ایک مقدمہ بھی درج کرایا تھا جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کا بیٹا لطیف گھر سے 38 لاکھ روپے لیکر فرار ہو گیا ہے تاہم بعد ازاں ڈاکٹر آکاش اور بیٹے کے درمیان صلح ہو گئی تھی۔