جمہوری جدوجہد میں کراچی پریس کلب کو خاص اہمیت حاصل ہے ،محمد سلیم بلوچ

امید ہے کہ نومنتخب عہدیداران کراچی پریس کلب کی آزادی صحافت کی روایت کو برقرار رکھیں گے،معاون خصوصی وزیراعلیٰ سندھ

جمہوری جدوجہد میں کراچی پریس کلب کو خاص اہمیت حاصل ہے ،محمد سلیم بلوچ

کراچی: وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ محمد سلیم بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی پریس کلب سے تعلق آج کا نہیں، جمہوریت کی آبیاری کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی کے قائدین کی جمہوری جدوجہد کی تاریخ میں کراچی پریس کلب کو خاص اہمیت حاصل ہے امید ہے کہ نومنتخب عہدیداران کراچی پریس کلب کی آزادی صحافت کی روایت کو برقرار رکھیں گے ۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے کراچی پریس کلب میں نومنتخب صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری سہیل افضل خان، نائب صدر ارشاد کھوکھر، ممبر گورننگ باڈی حفیظ بلوچ، منظور شیخ، حماد حسین،کفیل احمد سے ملاقات میں کیا،

وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی سلیم بلوچ نے عہدیداروں کو کامیابی پر مبارکباد دی اور اجرک و گلدستہ پیش کیا ،کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سہیل افضل خان نے وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی سلیم بلوچ کو کراچی پریس کلب کے اراکین کے رہائشی منصوبے کے متعلق مسائل سے آگاہ کیا ،سلیم بلوچ نے آئندہ چند روز میں ہاکس بے میں صحافی کالونی کا دورہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے تحت ترجیح بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے شروع کریں گے پیپلزپارٹی کے قیادت کی واضح ہدایت ہے کہ سندھ بھر کے عوام کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیاجائے وزیراعلی سندھ سید مراد علی کی رہنمائی میں بلاول بھٹوزرداری کے وژن پر عمل پیرا ہیں۔